2023-01-27 15:35:36
Urdu
Video content is provided via the
YouTube platform.
All rights and ownership belong to the original content creator.
Source channel:
Khursheed Abdullah
اختر عثمان
فن لیتے ہیں اور فن کا تواتر نہیں لیتے
کیا سیکھنے آتے ہیں اگر گُر نہیں لیتے
یہ چرخِ ابد گیر عجب چاک ہے اپنا
ہم خطِّ سفالیں سے تقرر نہیں لیتے
ہر نقطہ و ہر قوس و خطّ و قط ہے ہمارا
ہم لوگ خدا سے بھی تصّور نہیں لیتے
ثابت قدمی تا بہ پریشاں بدنی ہے
وہ کون سا اعزاز ہے جو حُر نہیں لیتے
بکھراو ہے، پھیلاو ہے، بھڑکاو ہے مجھ میں
اب اہلِ نفس مجھ سے تاثر نہیں لیتے
سنتا ہُوں خدا آپ بھی زندان تک آیا
اے جاہلِ بد سلسلہ! یوں دُر نہیں لیتے
محفوظ کیے رکھتے ہیں اپنے ہی خد و خال
آئینے کسی سے بھی تحیّر نہیں لیتے
ورنہ تو روانی کی کہانی ہی الگ ہو
کیا لوگ ہیں دریا سے تبحّر نہیں لیتے
ذاتی بھی تو ہوتا ہے فقیروں کا رویہ
یہ آئنے اللہ سے تکبر نہیں لیتے
نے کاری و نوحہ نفسی اور ہے اختر
رونے کے لیے آتے ہیں اور سُر نہیں لیتے
اختر عثمان